Friday, May 3, 2024

جعلی ڈگری رکھنے والے افراد کیلئے پی آئی اے ”پرکشش“ ادارہ بن گیا

جعلی ڈگری رکھنے والے افراد کیلئے پی آئی اے ”پرکشش“ ادارہ بن گیا
November 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز)باکمال لوگوں کیلئے لاجواب سروس کا ایک اورکارنامہ سامنے آ گیا ہے۔ پی آئی اے جعلی ڈگری ہولڈرز کے لئے جنت بن گئی۔ قومی ایئر لائن میں 16 افسر جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہوئے مگر اب تک کسی کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس کے بھائی فیصل یونس کی جعلی ڈگری پر پی آئی اے میں بطور پائلٹ بھرتی کئے جانے کے بعد قومی ایئرلائن میں 16 مزید افسران کا جعلی ڈگریاں رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پی آئی اے نے وفاقی حکومت کے دباو پر ان افسران کی ڈگریوں کی تصدیق تو کرا لی لیکن ڈگریاں جعلی ثابت ہونے پر ان افسران کے خلاف تاحال کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ 92نیوز کو حاصل دستاویزات کے مطابق زاہد حنیف،محمد جہانزیب ،عصمت محمود اور وقاص انور جعلی ڈگریوں پر بطور پائلٹس بھرتی ہوئے۔ ایئر ہوسٹس عذرا پروین بٹ،مہر نگار، انجینئرنگ سپروائزر راحیلہ طارق، ٹریننگ سپورٹ اسسٹنٹ صلح الدین خان، شیڈولینگ اسسٹنٹ عرفان شاہ، سٹور اسسٹنٹ اجمل سعید، ٹیلی فون آپریٹر عارف مفتی، ڈاکٹر ارک جونسن، فضائی میزبان محمد فرید، شاہد احمد محمد کامران شامل ہیں۔ دستاویزات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے ان افسران کو تنخواہ اور دیگر مراعات کی مد میں دو کروڑ روپے ادا کئے گئے ہیں۔