Friday, May 10, 2024

جعلی دستاویزات پر 14سال قید ، نیب کو کارروائی کا مکمل اختیار ہے ، سپریم کورٹ

جعلی دستاویزات پر 14سال قید ، نیب کو کارروائی کا مکمل اختیار ہے ، سپریم کورٹ
July 29, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) نیب قوانین کے تحت جعلی دستاویزات  پر14 سال قید دی جا سکتی ہے ، نیب کو کارروائی کا مکمل اختیار ہے ، سپریم کورٹ نے واضح کردیا۔ سپریم کورٹ نے ملزم یاسر علی کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران واضح کیا کہ جعلی دستاویزات  پر نیب کو کاروائی کا مکمل اختیار ہے۔ جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا نیب قوانین کے تحت ملزم کو 14 سال سزا ہوسکتی ہے۔ وکیل نیب نےعدالت کو بتایا کہ  پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں جعلی میریٹ لسٹ بنائی گئی۔272 میں سے 28 افراد کو بغیر اپلائی کیے فائنل لسٹ میں شامل کیا گیا۔ وکیل ملزم نے کہا کہ یہ کیس نیب کا بنتا ہی نہیں، دفعہ 420 اور 471 نیب قوانین سے نکال دیے گئے ہیں۔اس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ نیب جعلی دستاویزات پر تعیناتی کرنے اور اس سے فائدہ لینے والوں کیخلاف کارروائی کر سکتا ہے۔ وکیل ملزم نے کہا کہ کیا پاکستان میں کارروائی کیلئے صرف نیب ہی واحد ادارہ رہ گیا ہے۔ اگر ایسا ہے تو سارے اداروں کے مقدمات نیب کو دے دیں۔ ان کا موکل  یاسر پنجاب پولیس میں سٹینوگرافر ہے، عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت منظور کرے ۔ اس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا ضمانت کیلئے کوئی غیر معمولی حالات نہیں،عدالت نے ملزم یاسر علی کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ۔