Friday, April 26, 2024

جعلی دستاویزات جمع کرانے پر مریم نواز کیخلاف ٹرائل کی درخواست خارج

جعلی دستاویزات جمع کرانے پر مریم نواز کیخلاف ٹرائل کی درخواست خارج
July 19, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) جعلی دستاویزات جمع کرانے پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کیخلاف ٹرائل کی درخواست خارج کر دی گئی۔ مریم نواز کو ریلیف مل گیا۔ جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مریم نواز کیخلاف نیب کی اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی ۔ احتساب عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز کی اپیل ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔ قانون کے مطابق اپیل کے فیصلے تک احتساب عدالت کو کسی کارروائی کا اختیار نہیں۔ کیس کی سماعت  جج محمد بشیر نے کی ۔ سماعت شروع ہوئی تو نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹرسردار مظفر نے فرد جرم سے متعلق احتساب عدالت کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا۔ مریم نواز نے نیب پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ایک سال کیوں لگا عدالت کو یاد دلانے میں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ وہی عدالت کو بتا رہا ہوں۔ مریم نواز نے کہا کہ تھوڑی سی دیر کردی، بس ایک سال جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دیر آئے لیکن درست آئے۔ وکیل مریم نواز نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہر وقت بندہ درست نہیں آتا۔ سماعت کے دوران مریم نواز نے بولنے کی کوشش کی تو عدالت نے مریم نواز کو خاموش رہنے کی ہدایت کی۔ سماعت کے موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، پرویز رشید، مریم اورنگزیب اور سعدیہ عباسی کے ہمراہ احساب عدالت پہنچیں۔ مریم نواز کی عدالت پیشی پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اسلام آباد میں دفعہ ایک سو چوالیس کے نفاذ کے باعث احتساب عدالت کے باہر جمع ہونے والے متعدد لیگی کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔