Friday, May 17, 2024

جعلی بینک اکاونٹس کیس ، نظرثانی کی اپیل سپریم کورٹ میں دائر کردی گئی

جعلی بینک اکاونٹس کیس ، نظرثانی کی اپیل سپریم کورٹ میں دائر کردی گئی
February 8, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) جعلی بینک اکاونٹس کیس میں سندھ حکومت نے نظرثانی کی اپیل سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔ آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید کے بعد سندھ حکومت بھی میدان میں آ گئی۔ میگا منی لانڈرنگ اور جعلی بینک اکاونٹس کیس میں نظرثانی کی اپیل دائر کر دی۔ اپیل میں کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل نہ کرنے اور تمام ریکارڈ نیب کراچی کو منتقل کرنے کی استدعا کی گئی۔ موقف اختیار کیا کہ کیس کی مذید انکوائری اسلام آباد میں کرنے سے انتظامی مسائل پیدا ہوں گے۔ ساتھ ہی یہ شفاف ٹرائل سے انکار کے مترادف ہو گا۔ دوسری طرف نیب نے کیس میں پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرادی اور آگاہ کیا کہ تحقیقات کیلئے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی سربراہی میں چار مذید مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں بنادی گئی ہیں جن کا سیکرٹریٹ بھی نیب کے پرانے دفتر میں قائم کردیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق چیئرمین نیب تمام معاملے کی نگرانی خود کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی چاروں ٹیمیں کراچی میں کیس سے متعلقہ ریکارڈ اکھٹا کریں گی۔ ایف بی آر،  ایکسائز ، اسٹیٹ بنک سے ریکارڈ اکٹھا کیا جائیگا۔ انور مجید کی تمام ملز سے بھی ریکارڈ حاصل کرنے کے بعد ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کیے جائیں گے۔