Thursday, March 28, 2024

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، نیب نے فریال تالپور سے تفتیش مکمل کر لی

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، نیب نے فریال تالپور سے تفتیش مکمل کر لی
August 9, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اہم پیشرفت ہو گئی۔ نیب کے تفتیشی افسر نے فریال تالپور سے تفتیش مکمل کر لی۔ احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ڈیوٹی جج طاہر محمود نے کی۔ نیب کے تفتیشی افسر نے فریال تالپور سے تفتیش مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر آج  ملزمہ کوعدالت پیش نہیں کیا جا سکا۔ نیب  کی جانب سے  فریال تالپور کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ اس حالت میں فریال تالپور کو سفر کی اجازت نہیں دے سکتے۔ اس وقت انھیں عدالت لانا ممکن نہیں۔ ہمیں مزید جسمانی ریمارنڈ نہیں چاہیے، جوڈیشل ریمارنڈ دے دیں ۔ ڈیوٹی جج نے کہا کہ ملزمہ کو پیش کئے بغیر کیسے جوڈیشل ریمارنڈ لکھ دیں۔ کوئی قانون بتا دیں جس کے تحت ملزمہ کو جوڈیشل کیا جائے۔ فاروق ایچ نائیک نے جوڈیشل ریمارنڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا جب تفتیش کی ہی نہیں تو کیسے کہہ سکتے ہیں مکمل ہو گئی۔ احتساب عدالت  نے فریقین کا موقف سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ بعدازاں ڈیوٹی جج نے فیصلہ سناتے ہوئے فریال تالپور کا جوڈیشل ریمانڈ 16 اگست سے بڑھا کر 19 اگست کر دیا۔ واضح رہے کہ عدالت نے فریال تالپور کے گھر کو سب جیل قرار دیا ہے۔