Monday, May 6, 2024

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نوازشریف کو فریق بنانے کی درخواست مسترد

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نوازشریف کو فریق بنانے کی درخواست مسترد
January 4, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاونٹس کیس میں نوازشریف کو فریق بنانے کی درخواست مسترد کر دی اور بنکوں کے ساتھ طے ہونے والے معاملات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ نہیں بننے دیں گے۔ درخواستگزار کے پاس شواہد ہیں تو جے آئی ٹی کو دے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ ایک ہفتے میں کیس منطقی انجام تک پہنچ جائیگا۔ انور مجید اور فیملی پر واضح کر دیں کہ بینکوں کا نقصان اومنی گروپ پورا کرے گا۔ چیف جسٹس نے کہا نمر مجید کو میرے حکم کے بغیر گرفتار کیا گیا تھا۔ بینکوں سے معاملات طے کرنے کے لیے نمر کو رہا کروایا۔ تعاون نہ کیا تو نمر مجید کو بھی گرفتار کروائیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت ایمبولینس کا پیچھا کرنے والوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرے گی۔ اصل مقصد پیسے کی ریکوری ہے۔ سوموار کو دیکھیں گے کس بنک کا کیا کرنا ہے۔ نمر مجید کو سوموار تک بنکوں کے ساتھ معاملات طے کرنے کی مہلت مل گئی۔ عدالت نے بنکوں کے ساتھ طے ہونے معاملات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔