Friday, April 26, 2024

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کیخلاف سماعت 8 جولائی تک ملتوی

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کیخلاف سماعت 8 جولائی تک ملتوی
June 27, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) احتساب عدالت میں آصف علی زرداری کیخلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی ، نیب نے آصف زرداری کو عدالت پیش کیا ۔ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران جج ارشد ملک اور ملزم آصف زرداری کے درمیان دلچسپ مکالمہ بازی ہوئی ۔ ملزم عبدالغنی مجید کی طرف اشارہ کرتے ہوئے  آصف زرداری نے کہا کہ یہ بچے ڈکیت ہیں نہ ملک دشمن عناصر، یہ تو نوکریاں دیتے ہیں ، نیب کم از کم سلوک تو اچھا کرے۔ جج ارشد ملک نے کہا یہ سماج دشمن عناصر ہیں   اور اس حوالے سے قصہ بھی سنا دیا کہ ان کے پاس تین ملزم آئے انہیں سماج دشمن عناصر کہا توملزمان بولے ہم سماج دشمن نہیں بلکہ اناج دشمن ہیں ۔  جج  کے قصہ بیانی پرکمرہ عدالت قہقہوں سے گونج اٹھا۔ ملزم عبدالغنی مجید نے میڈیکل سہولیات کی درخواست  کی ، جج نے کہا کہ نیب ہیڈکوارٹر کو کسی اسپتال میں ہی منتقل نہ کر دیں؟، ۔  جج کا کہنا تھا کہ کوئی اندر سے خود کنڈی لگا کر دو دن بیٹھا رہے اس کی طبیعت خراب نہیں ہوتی،  جب یہ پتہ چلے کنڈی باہر سے کوئی لگا گیا ہے تو دل گھبرا جاتا ہے۔اس کیس میں بھی ایسا ہی ہو رہا ہے، گرفتار ہو کر بیمار ہوجاتے ہیں۔ آصف زرداری نے کہا  کہ ایسے بھی ہم کمزور نہیں صاحب  ، وہ اور لوگ ہوتے ہوں گے جو ڈرتے ہیں، 13 سال قید تنہائی کاٹی ہے۔ مولا کا کرم ہے کچھ نہیں ہوا۔ جج نے کہا  کچھ لوگ شیر سے لڑ جاتے ہیں کچھ چھوٹے سے جانور سے ڈرتے ہیں  ، اس پرآصف زرداری نےکہا کہ ہمارا وزیراعظم چھپکلی سے بھی ڈرتا ہے،    اس پر جج ارشد ملک نے نو کمنٹس کہا۔ نیب نے ریفرنس سے متعلق حتمی نقول عدالت میں جمع کرادیں جس پر عدالت نے ملزمان کو فرد جرم کے لئے ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیا ، کیس کی سماعت  8 جولائی تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب ملزمان خواجہ نمر مجید ، زوالقرنین مجید اور  علی کمال مجید کی بریت کے لئے درخواستیں دائرکردیں ۔ درخواست میں نیب کو فریق بنایا گیا ہے عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کردیا۔