Tuesday, May 21, 2024

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں اہم ملزم کا اعتراف جرم

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں اہم ملزم کا اعتراف جرم
August 2, 2019
کراچی (92 نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب نے ایک اور بڑی کامیابی  حاصل کرلی۔ غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں اہم ملزم نے اعتراف جرم کر لیا۔ غیرقانونی ٹھیکوں کے کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی۔ غیرقانونی ٹھیکے لینے والی کمپنی کے مالک ہریش نے 2 کروڑ 3 لاکھ 52 ہزار ادا کرکے پلی بارگین کر لیا۔ ملزم ہریش کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا جہاں ملزم کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی گئی اور ہریش کا نام ملزمان کی فہرست میں سے نکال دیا۔ جج نے استفسار کیا کیا آپ کو معلوم ہے پلی بارگین کے بعد بھی آپ سزا یافتہ شخص کی طرح ہوں گے؟ اور  10 سال الیکشن بھی نہیں لڑ سکیں گے۔ اللہ سے توبہ کریں اور آئندہ کوئی غلط کام نہ کریں، یہ عوام کا پیسہ ہے۔ پنک ریذیڈنسی اور ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت  کے جج محمد بشیرنے کی۔ پنک ریذیڈنسی ریفرنس میں 13 اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 10 ملزمان پیش ہوئے جبکہ اڈیالہ جیل میں قید ملزم عبدالغنی مجید کوپیش نہ کیا جا سکا۔ عدالت نے  اڈیالہ جیل انتظامیہ کو آئندہ سماعت پر ملزم کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے دونوں ریفرنسز کی سماعت 19 اگست تک ملتوی کر دی۔