Wednesday, May 1, 2024

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، زرداری کو تین روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، زرداری کو تین روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم
August 16, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب کی جانب سے آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور زرداری کو تین روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ ملزم کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے کیس میں نئی پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ایک ملزم نے آصف زرداری سے کنفرنٹ کرانا ہے اور  مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی۔ آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ انکے موکل نے پہلے ہی کہا تھا کہ ایک ہی بار 90 روز کا ریمانڈ دے دیں۔ یہ 4 روز کا ریمانڈ لے کر پھر اگلی بار آ کر نیا ریمانڈ مانگ لیتے ہیں۔ دوران سماعت آصف علی زردای روسٹرم پر ائے اور نیب کی شکایت لگا دی اور کہا نماز بھی نہیں پڑھنے دیتے، عید کی نماز بھی نہیں پڑھی۔ عرفان منگی یہاں ہو تو پوچھوں کہ یہ کون سی اسلامی ریاست ہے۔ عدالتی اجازت کے باوجود میری بیٹی کو مجھ سے ملنے نہیں دیا جاتا۔ عدالت نے نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا اور 19 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی تو ملزم نے جیل میں اے کلاس کی سہولیات اور وکلاء سے ملاقات کی اجازت مانگ لی۔ عدالت نے فریال تالپور کی سندھ اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے راہداری ریمانڈ کی درخواست پر نیب سے 19 اگست کو جواب طلب کر لیا۔