Sunday, May 12, 2024

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، زرداری ، فریال کے ریمانڈ میں 14روزہ توسیع

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، زرداری ، فریال کے ریمانڈ میں 14روزہ توسیع
September 5, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں احتساب عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور  کے جوڈیشل ریمانڈ میں  14روز  کی توسیع کر دی ،  ڈیوٹی جج نے ریمارکس دیے کہ ریفرنس کی سماعت وہ نہیں متعلقہ جج ہی کریں گے۔ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے  پر پارک لین، منی لانڈرنگ اورٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپورکو اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت کے ڈیوٹی راجہ جواد عباس کے روبرو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر آصفہ بھٹو،  سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف اور شرجیل میمن سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی آئے  ، دوران سماعت ڈیوٹی جج نے ریمارکس دیئے کہ متعلقہ جج ریفرنسز کو سن رہے ہیں، وہی سماعت کرینگے اور حاضری لگا کرآصف علی زرداری اور فریال تالپور کو واپس اڈیالہ بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت بغیر کارروائی کے 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔ جیل میں سہولیات نہ دینے کےخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران آصف علی زرداری روسٹرم پر آئے اور کہا کہ انہیں اس سے پہلے بھی سہولیات فراہم کی گئی تھیں ، جس پر جج نے استفسار کیا کہ کیا کسی جیل میں سہولت دی گئی ۔ سابق صدر کے وکیل لطیف کھوسہ بولے ملک کی تمام جیلوں میں سہولیات دی جاتی ہیں ، عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سماعت کے بعد آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں اوریوم دفاع پرپیغام بھی دیا ، واپسی پرفریال تالپور کے سامنے سکیورٹی اہلکار کے آنے پرآصف علی زرداری غصے میں آگئے ، انہوں نے اہلکار کو چھڑی سے پیچھے ہٹا دیا۔