Thursday, April 25, 2024

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں آٹھ روز کی توسیع

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں آٹھ روز کی توسیع
August 8, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں آٹھ روز کی توسیع اور فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں ایک روز کی توسیع کی گئی۔ میگا منی لانڈرنگ کیس میں نیب ٹیم نے زیرحراست سابق صدرآصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج طاہر محمود کے روبرو پیش کر دیا۔ دوران سماعت جج نے استفسار کیا کہ آصف علی زرداری کا کتنا جسمانی ریمانڈ ہو چکا؟؟ریمانڈ کے پہلے اور آخری دن کی ڈائری دکھائیں۔ آخری 10 روزہ ریمانڈ میں کیا پیشرفت ہوئی، ان دنوں کی رپورٹ دیں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کا 58 روز کا جسمانی ریمانڈ ہو چکا۔ آخری 3 دن کی ڈائری دی ہے۔ وقت دیں تو باقی بھی پیش کر دیں گے۔ تفتیشی افسر نے کہا جتنی تفتیش ہو چکی اس بنا پر عید کے 10 دن بعد عدالت میں عبوری ریفرنس دائر کریں گے۔ تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تو آصف علی زرداری کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ان کے موکل بے گناہ ہیں اور کیس بدنیتی پر مبنی ہے۔ عدالت نے آصف علی زرداری کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا اور 16 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ فریال تالپور کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 9 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔