Friday, April 19, 2024

جعلی بینک اکاؤنٹس ، آصف زرداری پر ویڈیو لنک سے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

جعلی بینک اکاؤنٹس ، آصف زرداری پر ویڈیو لنک سے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
June 26, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس اور پارک لین ریفرنس میں احتساب عدالت نے آصف زرداری پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ کیس کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سماعت کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اپنے موکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالت پیش ہوئے انہیں کورونا وائرس ہو گیا۔ آصف علی زرداری کے لیے سفر کرنا مشکل ہے۔ ان کی عمر زیادہ ہے ، خطرہ ہے انہیں کورونا وائرس نہ ہو جائے۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ جب آپ پیش ہورہے ہیں تو آصف علی زرداری کو بھی بلا لیں۔ زیا دہ مسئلہ ہے تو آصف علی زرداری کو الگ بلا کر ان سے دستخط لے لیتے ہیں۔ عدالت کے استفسار پر فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ آصف علی زرداری کراچی میں اپنے گھر میں ہیں۔ عدالت نے ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کیلئے 6 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی۔ نیب کو حکم دیا کہ آصف علی زرداری سمیت کراچی میں موجود تمام ملزمان کیلئے ویڈیو لنک کا انتظام کیا جائے۔