Monday, May 6, 2024

جعلی بنک اکاونٹس کیس ، سرجن جنرل کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت جاری

جعلی بنک اکاونٹس کیس ، سرجن جنرل کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت جاری
January 4, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے جعلی بنک اکاونٹس کیس میں گرفتار ملزمان کے طبی معائنے کیلئے سرجن جنرل آف پاکستان کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔ جعلی بنک اکاونٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی حسین لواہی ، اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید اور انور مجید کا طبعی معائنہ نیا میڈیکل بورڈ کرے گا۔ ملزمان کے میڈیکل بورڈ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار کا جناح اسپتال کراچی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی سے مکالمہ ہوا جس میں چیف جسٹس نے کہا میڈیم آپ کو کبھی اتنا کمزور نہیں سمجھا، میں تو سمجھتا تھا اپ ازاد ہیں، مسئلہ یہ ہے کہ ایک مریض کی تشخیص نہیں ہو رہی ۔  اپ کو کہا تھا عدالت اپکو مکمل سپورٹ کرے گی۔ لگتا ہے اپ سے بورڈ نہیں بن پائے گا۔ شک ہے ایم آر ائی مشین میں کوئی اور بندہ تھا، میرے اعتماد کو ٹھیس پہنچی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ سندھ حکومت سے کام نہیں ہوتا تو تحقیقات اسلام اباد منتقل کر دیں گے ، جس پر ملزمان کی وکیل عائشہ حامد نے کہا ٹھوس وجوہات کے بغیر میڈیکل بورڈ نہیں بن سکتا۔ کیس متعلقہ عدالت میں چل رہا ہے، سندھ کا مقدمہ پنجاب کیوں بھیجا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس نے عائشہ حامد کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کوئی پنجابی میڈیکل نہیں بنے گا، سندھ حکومت میڈیکل بورڈ کی مخالفت کیوں کر رہی ہے، قانون کا کیس ہے۔ صوبائیت کہاں سے آگئی، عدالت سے بات کرتے ہوئے لہجہ دھیما رکھیں۔ عدالت نے سرجن جنرل اف پاکستان کو ملزمان کے طبعی معائنے کیلئے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینےکا حکم دیتے ہوئے پانچ دن میں رپورٹ طلب کر لی۔