Monday, May 6, 2024

جعلی بنک اکاونٹس کیس، تحقیقات مکمل کرنے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو 2 ہفتوں کی مہلت

جعلی بنک اکاونٹس کیس، تحقیقات مکمل کرنے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو 2 ہفتوں کی مہلت
January 4, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) جعلی بنک اکاونٹس کیس میں سپریم کورٹ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو تحقیقات مکمل کرنے کیلئے مذید دو ہفتوں کی مہلت دے دی۔ رپورٹ کے مطابق اومنی گروپ نے بنکوں سے 8 شوگر ملوں کیلئے 13 ارب سے زائد کا قرضہ لیا۔ قرض کیلئے 75 لاکھ، 25 ہزار، 536 چینی کی بوریوں کی گارنٹی دی گئی جبکہ 66 لاکھ، 92 ہزار، 946 بوریاں غائب ہیں جسکی وجہ سے ساڑھے گیارہ ارب روپے کی گارنٹی کا نقصان ہوا۔ دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار نے نمر مجید کو پکڑنے اور اومنی گروپ کی شوگر ملوں کو ٹیک اور کرنے کا عندیہ دیا تو نمر مجید کی طبعیت خراب ہو گئی۔ ٹیشو پیپر سے پسینہ صاف کرتے رہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اومنی گروپ کے ہنڈی کے کھاتے مل گئے ہیں۔ پیسہ واپس کر دیں فوجداری کیس ختم ہو جائیں گے۔ اومنی گروپ نے جن بینکوں سے قرض لیا ہے ان بینکوں  نمائندوں کو بلا لیتے ہیں۔ یہ پیسہ بنکوں کا نہیں بلکہ عوام کا ہے۔ سارے بنک اکھٹے ہو جائیں پھر عدالت اپنا نمائندہ مقرر کرے گی۔ عبدالغنی مجید کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش اور کراچی سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا بھی حکم دے دیا گیا۔ ریمارکس دئیے کہ عبدالغنی مجید ٹیلی فون پر ہدایات دیتا رہتا ہے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا جے آئی ٹی کے بلائے گئے دو گواہ اغوا ہو گئے جس پر چیف جسٹس نے کہا معلوم تھا کہ بلانے پر کئی افراد غائب ہو جائیں گے، آئی جی سندھ معاملے کا جائزہ لیں۔ آئندہ سماعت لاہور رجسٹری میں ہو گی۔