Sunday, May 19, 2024

جعلی اکاؤنٹس کیس،عبدالغنی مجید اور انورمجید نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا

جعلی اکاؤنٹس کیس،عبدالغنی مجید اور انورمجید نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا
December 29, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس کے ملزمان عبدالغنی مجید اور انور مجید نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ، جواب میں کہا گیا کہ معصوم ہیں ، جے آئی ٹی نے غلط الزامات لگائے ، ملزموں نے تفصیلی جواب دینے سے معذرت کرلی۔ ای سی ایل میں نام آیا تو جواب جمع کرنے کا خیال بھی آگیا ، جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزمان عبدالغنی مجید اور انور مجید نے جے آئی ٹی رپورٹ کےخلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔ عبدالغنی مجید اور انور مجید نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں جے آئی ٹی رپورٹ کو مسترد کردیا اور لکھا کہ جے آئی ٹی کے پاس کوئی بنیاد نہیں کہ وہ معاملہ نیب کو ارسال کرنے کی سفارش کرتی ،جے آئی ٹی کی جانب سے کسی بھی سفارش کی منظوری دینا بنیادی حقوق اور آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہوگی۔ جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کی ایگزیکٹو سمری اور حتمی رپورٹ کے چار والیم فراہم کیے گئے، جن 924 لوگوں کے بیان ریکارڈ کیے گئے ان کے نام فراہم نہیں کیے گئے، جس ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا وہ بھی نہیں ملا، رپورٹ کے ساتھ کوئی مواد یا دستاویزات نہیں جو الزامات کی تائید کرے۔ دونوں ملزموں کا یہ بھی موقف ہے کہ وہ ان حالات میں جے آئی ٹی رپورٹ پر مفصل جواب نہیں دے سکتے۔ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ملک ریاض کے داماد زین ملک نے اپنا جواب سپریم کورٹ  میں جمع کرا دیا ، زین ملک نے جے آئی ٹی رپورٹ کے تمام الزامات کو مسترد کر دیا  اور کہا کہ جے آئی ٹی نے متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لیے بغیر رپورٹ مرتب کی۔