Tuesday, April 23, 2024

جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی ‏

جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی ‏
April 16, 2019

اسلام آباد( 92 نیوز) احتساب عدالت اسلام میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی ،  سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف زرداری اور فریال تالپور عدالت پیش ہوئے ۔

جعلی اکاؤنٹس کیس کیس میں 30 نامزد ملزمان میں سے ایک کے فوت ہونے کا انکشاف ہوا، احتساب عدالت نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ طلب کرلیا۔

آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی عدالت میں پیش، حاضری لگائی، تفتیشی افسر کی جانب سے پیپر بک تیار نہ ہونے کے باعث سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی گئی ۔

جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت میں تیزی آ گئی  ،  کیس میں نامزد 30 ملزموں  میں سے 17 اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہو گئے ۔ آصف علی زرداری، فریال تالپور اور ملک ریاض کے داماد زین ملک نے کٹہرے میں جاکر حاضری لگائی ۔

کیس کی سماعت کے دوران جج ارشد ملک نے  دلچسب ریمارکس دئیے کہ وکلا زیادہ ہیں اور ملزمان پردہ اسکرین کے پیچھے ہیں ، ملزمان کی شکلیں نظر نہیں آرہی جن کی وجہ سے میلہ لگا ہے ، ملزمان کو جیل بھجوا دیتے ہیں پھر انہیں سہولت رہے گی۔

عدالتی استفسار پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 7  ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، 4 غیر حاضر ہیں جن میں سے ایک ملزم خالد آرائیں فوت ہوچکا ، جبکہ 2 نے عدالت میں دخواستیں دائر کی ہیں۔

جیل میں قید ملزمان کی پیشی کیلئے سیکرٹری سندھ کو نوٹس کرنے کی استدعا کی۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ دو خاتون ملزمان نورین سلطان اورکرن آفتاب کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

کیس کی پیپر بک تیار نہ ہونے کے باعث نیب کی کیس ملتوی کرنے کی استدعا عدالت نے قبول کرلی اور ملیر جیل میں قید ملزمان کی پیشی کیلئے چیف سیکرٹری سندھ کو نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے 3 ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے اور ملزم اقبال آرائیں کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ،  کیس کی سماعت 29 اپریل کو دوبارہ ہوگی۔