Saturday, May 18, 2024

جعلی اکاؤنٹس کیس ، نیب ملک ریاض کو آئندہ ہفتے طلبی کا نوٹس جاری کرے گا

جعلی اکاؤنٹس کیس ، نیب ملک ریاض کو آئندہ ہفتے طلبی کا نوٹس جاری کرے گا
February 13, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب ملک ریاض کو آئندہ ہفتے  طلبی کا نوٹس جاری کرے گا۔ کروڑوں کی ادائیگیوں پر پوچھ گچھ ہو گی۔ نیب نے جعلی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کا دائرہ بڑھا دیا۔ جعلی بینک اکاؤنٹس میں ملوث افراد کے خلاف نیب کا شکنجہ تیار کر لیا۔ نیب راولپنڈی کا پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کو طلب کرنے کا فیصلہ بھی سامنے آیا۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک ریاض کو اگلے ہفتے طلبی کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔ ان سے جعلی اکائونٹس کیس سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی۔ بحریہ ٹاون کی جانب سے کروڑوں روپے کی ادائیگیوں سے متعلق بھی تفتیش ہوگی۔ ملک ریاض کا بیان ریکارڈ کرنے کے علاوہ سوالنامہ بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے ملک ریاض کو توہین عدالت کیس میں التوا دینے سے انکار کر دیا تھا۔ عدلیہ مخالف پریس کانفرنس کے معاملے پر سات سال پرانے کیس میں پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کیلئے نئی مشکلات آن کھڑی ہوئیں ، سپریم کورٹ نے التوا دینے سے انکار کرتے ہوئے دو ہفتے مین تحریری معافی نامہ جمع کرانے کا حکم دے دیا تھا ۔ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ ملک ریاض کب پیش ہو سکتے ہیں ، توہین عدالت کے مقدمہ مین ملزم کی پیشی ضروری ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ  ملک ریاض پاکستان میں ہیں تو عدالت آنا پڑے گا۔ ملک ریاض کے وکیل ڈاکٹرباسط نے بتایا کہ ملک ریاض کی زندگی کو کینسر سے خطرہ ہے ، علاج کے لئے لندن گئے ہیں ، کینسر ریڑھ کی ہڈی میں پھیل چکا ہے ،ڈاکٹرز کے مطابق 6سے 8 ہفتے صحتیاب ہونے میں لگیں گے ۔ وکیل ملک ریاض نے   پہلے التوا کیلئے اور پھر 12 ہفتوں کے استثنیٰ کیلئے استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک ریاض زندہ رہے تو خود ٹرائل میں پیش ہوں گے ۔ وکیل نے یہ بھی بتایا کہ  ملک ریاض کا کہنا ہے وہ عدالتوں کی توہین کے الزام کیساتھ زندگی نہیں گزار سکتے ، غیر مشروط معافی چاہتا ہوں۔