Friday, March 29, 2024

جعلی اکاؤنٹس کیس ، نیب راولپنڈی نے کل فریال تالپور کو طلب کرلیا

جعلی اکاؤنٹس کیس ، نیب راولپنڈی نے کل فریال تالپور کو طلب کرلیا
April 16, 2019

راولپنڈی (92 نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو طلب کرلیا، انہیں کل نیب اولڈ ہیڈکوارٹرز میں پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ۔ ملزمہ نے ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، نیب کی جانب سے عائد الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے فریال تالپور کو سمن جاری کرتے ہوئے اولڈ ہیڈکوارٹرز میں پیش ہونے کے ہدایت کردی، سمن میں کہا گیا کہ آپ کو جوائنٹ ونیچر کیس میں طلب کیا جاتا ہے۔

سمن ملتے ہی ملزمہ کو گرفتاری کا خوف پیدا ہو گیا جس کے بعد انہوں نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

فریال تالپور کی جانب سے فاروق ایچ نائیک کی وساطت سے درخواست دائر کی گئی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ نیب سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے ، درخواست گزار کا تعلق پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت سے ہے ، نیب کی جانب سے درخواست گزار پر لگائے گئے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔

درخواست میں  عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرنے کی استدعا کی گئی ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریال تالپور کی ضمانت 29 اپریل تک منظور کر لی۔عدالت نے فریال تالپور کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے نیب میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت دیدی۔