Monday, May 6, 2024

جعلی اکاؤنٹس کیس میں بحریہ ٹاؤن کی متفرق درخواست سپریم کورٹ میں دائر

جعلی اکاؤنٹس کیس میں بحریہ ٹاؤن کی متفرق درخواست سپریم کورٹ میں دائر
January 4, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) جعلی اکاونٹس کیس میں بحریہ ٹاون نے متفرق درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔ وکیل اعتراز احسن نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے رپورٹ میں آنے والے اکاونٹس کو مانیٹر کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم بحریہ ٹاون کے ہر اکاونٹ کو متاثر کرے گا۔ اعتراز احسن نے کہا کہ بحریہ کے تمام اکاونٹس منجمد ہو چکے ہیں۔ تمام جاری شدی چیکس واپس ہو رہے ہیں۔ بحریہ ٹاون تنخواہیں دینے سے بھی قاصر ہے۔ منجمد اکاونٹس بحال کرنے کی استدعا کی تو چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ملک ریاض کو کہیں کچھ پاکستان کو بھی دیں۔ عدالتی حکم کا جائزہ لیکر ہی فیصلہ دیں گے۔ مانیٹرنگ کا مطلب اکاونٹ منجمد کرنا نہیں ہوتا۔ عدالت نے درخواست جمعہ کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے منی لانڈرنگ اور جعلی اکاونٹس کے اسکینڈل میں بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ میں بطور ملزم نامزد ہیں۔ ملک ریاض کے خلاف فراڈ، سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل اور نوسر بازی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر بھی درج ہے۔ ایف آئی آر میں محکمہ جنگلات اور ریونیو افسران کے نام بھی شامل ہیں  جبکہ سابق سیکرٹری ٹو وزیر اعلی پنجاب جی ایم سکندر کو بھی نامزد کیا گیا۔ ایف آئی آر ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل فارسٹری اینڈ وائلڈ لائف اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ کے شاہد راشد اعوان کی مدعیت میں درج کی گئی جس میں فراڈ، سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل، مجرمانہ غفلت اور نوسر بازی کی دفعات شامل کی گئی۔ بحریہ آئیکون ٹاور میں جگہ کی بکنگ کے معاملے پر ملک ریاض، علی ریاض ملک اور زین ملک کو توہین عدالت کے نوٹس بھی جاری ہو چکے ہیں۔