Thursday, March 28, 2024

جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری احتساب عدالت میں پیش

جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری احتساب عدالت میں پیش
June 14, 2019
 کراچی (92 نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری احتساب عدالت میں پیش ہو گئے۔ عدالت ملزمان کو ریفرنس کی کاپی فراہم نہ کرنے پر نیب پر برہم ہوئی۔ جعلی بینک اکاونٹس میں گرفتار ملزم آصف علی زرداری شریک ملزمان کے ساتھ احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ جج ارشد ملک نے سماعت شروع کی تو وکلاء صفائی نے ریفرنس کی نقول فراہم نہ کرنے پر اعتراض عائد کر دیا جس پر عدالت نے نیب پر برہمی کا اظہار اور آج ہی نقول فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ ملزمان انور مجید اور عبدالغنی مجید کی عدم پیشی بارے عدالت نے استفسار کیا تو انکشاف ہوا کہ عدالتی عملے کی جانب سے چیف سیکرٹری سندھ کو ابھی تک نوٹس ہی جاری نہ ہو سکا۔ جج ارشد ملک نے عدالتی عملے کو جھاڑ پلا دی اور دوبارہ شو کاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تین ملزمان کے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواستوں کو ابھی تک منظور نہیں کیا گیا۔ عدالت نے فریال تالپور اور دیگر ملزمان کی آج حاضری سے استشی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی اور جیل میں آصف زرداری سے ملاقات کیلئے وکلاء کو علیحدہ سے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں ملزم نے سوال اٹھایا کہ عمران خان نے کیسے کہا ملک مستحکم ہو گیا؟ کیا لوگوں کی تنخواہیں بڑھ گئی ہیں؟ عمران خان کچھ بھی کہتے رہتے ہیں۔ پہلے کہا خود کو گولی مار لوں گا، سیاست میں نہیں جاؤں گا۔ پھر کہا خودکشی کر لوں گا ، آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا۔ آصف زرداری نے کہا کہ بجٹ کی منظوری کا دراومدار اخترمینگل پر ہو گا۔