Monday, May 13, 2024

جعلی اکاؤنٹس کیس ،سندھ حکومت،زرداری،فریال تالپور کی نظرثانی کی درخواستیں ‏خارج

جعلی اکاؤنٹس کیس ،سندھ حکومت،زرداری،فریال تالپور کی نظرثانی کی درخواستیں ‏خارج
February 20, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس  میں سپریم کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری، فریال تالپور اور سندھ حکومت کی  نظرثانی درخواستیں مسترد کردیں۔ عدالت عظمیٰ نے مختصر حکم نامہ جاری کردیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو نظرثانی  کی متفرق درخواست دائر کرنے کی اجازت مل گئی۔ اومنی گروپ،انور مجید اور عبدالغنی مجید کی درخواستیں بھی مسترد کردی گئیں، سابق صدر آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے متفرق درخواست دائر کی تھی جس میں عدالتی دائرہ اختیار کو بنیاد بنایا گیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اعلیٰ عدلیہ کے کئی ججز بھی از خود نوٹس کے تعین کےحق میں ہیں، تضاد کو دور کرنے کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے۔ اومنی گروپ کے انور مجید اور عبدالغنی مجید کے وکیل شاہد حامد نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل 15اگست سے گرفتار ہیں، انور مجید دل کے عارضے میں بھی مبتلا ہیں۔ جس پر چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ وہ کراچی کے سب سے اچھے اسپتال میں داخل ہیں۔ وکیل صفائی نے ریفرنس کراچی میں دائر کرنے کی استدعا بھی کی اور مؤقف اختیار کیا کہ اس معاملے میں ہرچیز کراچی سے متعلق ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل لطیف کھوسہ کاکہناتھا کہ سپریم کورٹ کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے از خود نوٹس کا اختیار نہیں تھا، ازخود نوٹس لے کر ٹرائل، اپیل اور نظرثانی کے سارے راستے بند کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا بلاول بھٹو پر کوئی جرم نہیں بنتا، سابق چیف جسٹس نے خود کہا بلاول تو معصوم بچہ ہے جو اپنی ماں کا مشن پورا کر رہاہے۔