Saturday, April 20, 2024

جعلی اکاؤنٹس کیس، جے آئی ٹی کی زرداری گروپ ،اومنی گروپ کے اثاثے منجمد کرنیکی سفارش

جعلی اکاؤنٹس کیس، جے آئی ٹی کی زرداری گروپ ،اومنی گروپ کے  اثاثے منجمد کرنیکی سفارش
January 5, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس کے سلسلے کی تحقیقات کرنیوالی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم  نے بلاول ہاؤس کراچی ، لاہور ،زرداری ہاؤس  اسلام آباد ، آصف علی زرداری کی بلٹ پروف گاڑیوں سمیت  زرداری گروپ اور اومنی گروپ کے تمام اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کر دی ۔ چینل 92 نیوز جے آئی ٹی کی  اثاثے منجمد کرنے کی سفارشات منظر عام پر لے آیا،مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے جن 37 اثاثوں کو منجمد کرنے کی سفارش کی ان میں  بلاول ہاوس کلفٹن،بلاول ہاوس لاہور،زرداری ہاوس اسلام آٓباد،نیو یارک اور دبئی کے اپارٹمنٹس ،بلٹ پروف گاڑیاں، آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی دیگر شہری  و دیہی  اراضی  شامل ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم نے اومنی گروپ کی شوگر ملز،توانائی کمپنیز،زرعی کمپنیز سمیت دیگر اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کی ہے۔ جے آئی ٹی کی سفارشات میں کہا گہا ہے کہ زرداری گروپ نے 1981 میں 600 روپے اور اومنی گروپ نے 2001 میں 6 ہزار کے سرمایہ سے  کام کا اغاز کیا ،شواہد کے مطابق دونوں گروپ نے  حکومتی فنڈز میں بے ضابطگیاں کیں،کمیشن بنایا،،پیسہ اکٹھا کیا جو حوالہ ہنڈی کےذریعے بیرون ملک بھجوایا گیا،خدشہ ہے کہ زرداری اور اومنی گروپ اثاثے پاکستان سے باہر منتقل  نہ کردیں ۔ جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی  میں دونوں گروپس کے اثاثے حتمی فیصلے تک منجمد کرنے کی سفارش کی گئی ۔