Friday, April 19, 2024

جعلی اکاؤنٹس کیس، بلاول ،مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا تحریری فیصلہ جاری

جعلی اکاؤنٹس کیس، بلاول ،مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا تحریری فیصلہ جاری
January 16, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس  میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور  وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے  کا سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ نیب کو بلاول، مراد شاہ کے خلاف شواہد ملیں تو ای سی ایل میں نام ڈالنے کیلئے حکومت سے رجوع میں کوئی رکاوٹ نہیں ۔ جاری کردہ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی نامکمل معاملات کی تحقیقات جاری رکھے گی، نیب رپورٹ کی روشنی میں اپنی تحقیقات مکمل کرے، جرم بنتا ہو تو ریفرنس فائل کرے۔ عدالت نے قومی احتساب بیورو ( نیب ) کو ہر 15 دن بعد رپورٹ جمع کرانے کاحکم بھی دے دیا  اور کہا کہ چیئرمین نیب مستند ڈی جی کو ریفرنس  کی تیاری اور دائر کرنے کی ذمہ داری دیں۔ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم اپنی تحقیقات مکمل کر کے قومی احتساب بیورو کو بھجوائے گی ۔ اس سے قبل 7 جنوری 2019 کو سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو  اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا نام  جعلی بینک اکاؤنٹس سے نکالنے کا حکم دیا تھا  ۔  چیف جسٹس پاکستان نے  ریمارکس دیے کہ بلاول معصوم نے پاکستان آکر ایسا کیا کام کردیا۔ عدالت نے استفسار کیا تھا کہ جےآئی ٹی نے معاملےمیں بلاول کو ملوث کیوں کیا، کس کے کہنے پر بلاول کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، بلاول کا کیس نیب کو  بھجوانے کی سفارش کیوں کی،بلاول صرف اپنی ماں کا مشن آگے بڑھا رہا ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام بھی ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا اور  کہا وزیراعلیٰ کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ عدالت نے آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا نام بھی جے آئی ٹی رپورٹ سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔