Tuesday, May 14, 2024

جعلی اکاؤنٹس کیس، آصف علی زرداری کی مستقل ضمانت منظور

جعلی اکاؤنٹس کیس، آصف علی زرداری کی مستقل ضمانت منظور
February 3, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری کی مستقل ضمانت منظور کر لی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کو سابق صدر کی گرفتاری سے روک دیا۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفرعباسی پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹرنے عدالتی استفسار پر بتایا کہ اس کیس میں ابھی ریفرنس فائل نہیں ہوا۔ ۔معاملہ انوسٹی گیشن کے مرحلے پر ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ ہر کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کر دیتے ہیں۔ اس معاملے کو بھی پہلے سے دائر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ضمنی ریفرنس کا حصہ بنا دیتے ہیں۔

آصف علی زرداری کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ہم صرف میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت کی درخواست پر دلائل دیں گے۔ ایک سال میں ایک دفعہ بھی ان کا مؤکل نہیں بلایا گیا۔ ہم حلف دیتے ہیں کہ جب نیب بلائے گا ہم مکمل تعاون کریں گے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آصف علی زرداری کی گزشتہ ضمانت کو کینسل کرنے کی نیب نے درخواست دی؟ کتنی دفعہ گرفتار کریں گے۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ درخواست نہیں دی ، 10 مئی اور پھر 16 مئی 2019 کو نوٹس بھیجا لیکن جواب نہیں آیا۔

جسٹس محسن اخترکیانی کا کہنا تھا کہ نیب کا یہ سوال بنتا ہے کہ آصف علی زرداری کو ملک سے باہر نہیں جانا چاہیے۔ جعلی اکائونٹس کے مرکزی کیس میں چارج ثابت نہ ہوا تواس میں بھی نہیں ہو سکے گا۔