Wednesday, April 24, 2024

جعلی اکاؤنٹس کیس ، آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں مزید گیارہ دن کی توسیع

جعلی اکاؤنٹس کیس ، آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں مزید گیارہ دن کی توسیع
June 21, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں مزید گیارہ دن کی توسیع کردی گئی ۔ دو جولائی کو سابق صدر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔

 احتساب عدالت میں جعلی بینک اکائونٹس کیس کی سماعت جج محمدارشد ملک نے کی ۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے دلائل شروع کیے تو سابق صدر آصف زرداری روسٹرم پر آگئے۔

عدالت نے آصف زرداری سے استفسار کیا کہ کیا آپ دلائل سننا چاہتے ہیں ؟ لطیف کھوسہ نے کہا زرداری صاحب سننا چاہتے ہیں کہ نیب کیا گھڑ رہی ہے۔ اس پر نیب پراسیکوٹر بولے ہم گھڑ نہیں رہے بلکہ تفتیش کے ذریعے بتا رہے ہیں۔

 نیب نے آصف زرداری سے اب تک ہونے والی تفتیش کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ نیب پراسیکیوٹر سردارمظفر نے عدالت کو بتایا دوران تفتیش زردرای نے مفرور ملزم ناصر عبداللہ سے قریبی تعلق کو تسلیم کیا ہے۔ لیکن  یہ تسلیم نہیں کیا کہ وہ ان کا فرنٹ مین ہے۔  

 وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا آغا سپر مارکیٹ سے آصف زرداری کا کوئی تعلق نہیں۔  ملزم ناصر نے بیان میں کہا کہ وہ آصف زرداری کو جانتے ہیں مگر کوئی مالی لین دین نہیں۔ کسی شخص کو جاننا کوئی جرم نہیں ۔

 لیطف کھوسہ نے کہا کہ نیب کا وجود انجینرنگ سے ہوا ہے ،کبھی پیڑیاٹ لیگ بن جاتی ہے۔ زرداری کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔  

 لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہ روز چودہ دن کا جسمانی ریمانڈ مانگتے ہیں، اس پر آصف زرداری نے جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک ہی دفعہ 90 روز کا ریمانڈ کر دیں۔

 فریقین کے دلائل کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جج محمد ارشد ملک نے فیصلہ سنایا ۔ عدالت نے آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع کرتے ہوئے دوجولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔