Thursday, April 18, 2024

جعلی اکاؤنٹس کیس ، آصف زرداری ، فریال تالپور کی ضمانتوں میں 29 اپریل تک ‏توسیع

جعلی اکاؤنٹس کیس ، آصف زرداری ، فریال تالپور کی ضمانتوں میں 29 اپریل تک ‏توسیع
April 10, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانتوں مین  29 اپریل تک توسیع کر دی گئی ۔

ضمانت میں توسیع کے بعد سابق صدر کے چہرے پر مسکراہٹ کھیلنے لگی ، ایک صحافی نے سوال کیا کہ سر بڑے خوش نظر آرہے ہیں جس پر آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا

اس طرح تو ہوتا ہے ، اس طرح کے کاموں میں

جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اور فرتال تالپور کی درخواست ضمانت پر جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ نیب نے ابھی تک جواب داخل نہیں کرایا؟ ، یہ بتائیں ملزمان کے خلاف کتنی انکوائریز چل رہی ہیں؟، کس انکوائری میں ابھی تک آصف زرداری کو طلب نہیں کیا گیا؟۔

جسٹس عامر فاروق نے نیب پراسیکیوٹر کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ

کہیں آپ ملزمان کو سرپرائز تو نہیں دیں گے؟ ، آپ صرف یہ بتا دیں کہ 8 انکوائریز ہیں دس ہیں یا کتنی ہیں؟۔

جس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے آگاہ کیا کہ آصف علی زرداری کے خلاف تین انکوائریز اور دو تحقیقات جاری ہیں ، جن کیسز میں طلب نہیں کیا اس کی تفصیل نہیں بتاسکتے۔

دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ عدالت میں اتنے حمایتیوں کو کیوں لایا جاتا ہے جس پر فاروق ایچ نائیک نے جواب دیا کہ آصف زرداری نے لوگوں کو آنے سے منع کررکھا ہے۔

عدالت نے نیب کی جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دینے کی استدعا منظور کرلی اور تین دن میں جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا جبکہ ملزمان کی ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کردی۔