Thursday, April 25, 2024

جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ ، سپریم کورٹ نے 6رکنی جے آئی ٹی تشکیل دیدی

جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ ، سپریم کورٹ نے 6رکنی جے آئی ٹی تشکیل دیدی
September 6, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے معاملے پر سپریم کورٹ نے  6 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہی ایف آئی اے کے آفیسر احسان صادق کریں گے ۔ جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس میں سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ، جے آئی ٹی 6 ارکان پر مشتمل ہے جس کی سربراہی ایف آئی اے کے آفیسر احسان صادق کریں گے ۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کے حوالے سے 5 ستمبر کی عدالتی کاروائی کا حکم نامہ جاری  کر دیاگیا۔ آئی ایس آئی سے بریگیڈئیر شاہد پرویز، ایف بی آر سے عمران لطیف ، اسٹیٹ بینک سے ماجد حسین اور سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی )  کی جانب سے محمد افضل جے آئی ٹی میں شامل ہوں گے ۔ تمام انتظامی ادارے اور ایجنسیاں جے آئی کی معاونت کریں گی جبکہ جے آئی ٹی ہر 15 روز بعد سپریم کورٹ میں سربمہر رپورٹ جمع کرائے گی ۔ جے آئی ٹی کے سربراہ تحقیقات میں معاونت کیلئے کسی بھی ماہر کو ٹیم میں شامل کر سکتے ہیں ، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اپنی پہلی پیشرفت رپورٹ آج سے 15 روز بعد جمع کرائے گی ۔ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو تحقیقات سے متعلق معلومات میڈیا کو جاری کرنے سے روک دیا  ہے ، صاف شفاف تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی ، ایف آئی اے  کا کوئی ممبر میڈیا کو کسی قسم کی معلومات نہیں دے گا  جب کہ رینجرز کو جے آئی ٹی کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت  بھی دی گئی ہے ۔ عدالت کا جعلی اکاؤنٹ کے گواہان کو بھی رینجرز کی سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم  دے دیا جب کہ ڈی جی ایف آئی اے کی تحقیقات اسلام آباد منتقل کرنے کی استدعا مسترد  کر دی ۔ عدالت نے کہا کہ کسی موقع پر تحقیقات میں مداخلت ، خوف کا ماحول پیدا کرنے ، پریشر ڈالنے کے شواہد آئے تو تحقیقات کی اسلام آباد منتقلی کا جائزہ لیں گے۔