Friday, May 10, 2024

جشن میلادالنبیﷺ پر ملک کے طول وعرض میں کیک کاٹے گئے

جشن میلادالنبیﷺ پر ملک کے طول وعرض میں کیک کاٹے گئے
October 30, 2020
لاہور (92 نیوز) جشن میلادالنبیﷺ پر ملک کے طول وعرض میں کیک کاٹے گئے، فیصل آباد میں کیک کاٹنے کے ساتھ مچھلی کا اہتمام بھی کیا گیا، چنیوٹ میں شہریوں نے 63 من وزنی کیک کاٹا۔ گوجرانوالہ میں نبیﷺ کے دیوانوں نے 100من کھیر تیار کرکے بانٹی ملتان میں اونٹوں کا جلوس توجہ کا مرکز بنا رہا۔ ملتان میں ہی عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر عاشقان رسول نے 150 من حلوے کی دیگ تیار کر کےعقیدت کا اظہار کیا۔ بہاولپور میں عاشقان رسولؐ نے دو سو پاونڈ کا کیک کاٹ کر شہریوں میں تقسیم کیا۔ چنیوٹ، جھنگ، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، میانوالی ، کمالیہ اور گوجرہ  اور خوشاب میں بھی عاشقان رسول،  جلوسوں اور محافل کے زریعے رحمت دوعالم ﷺ کا یوم ولادت عقیدت و احترام سےمناتے نظر آئے۔ کوئٹہ میں شمع رسالت ﷺ کے دیوانوں کا والہانہ اظہارعقیدت کیا، مختلف علاقوں میں جلوس نکال گئے۔ فضا درود و سلام سے معطر رہی۔ حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، قمبر، روہڑی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں۔ میرپور آزاد کشمیر اور کوٹلی سمیت آزاد کشمیر میں بھی جشن عید میلاد النبی کے موقع پر مذہبی جوش و جذبہ عروج پر رہا۔ عید میلادالنبی ﷺ پر بچوں کا شوق دیدنی تھا، سبز وسفید لباس پہنے اور سر پر ٹوپیاں سجائے بچے بھی خوشیاں منانے میں مصروف نظر آئے۔