Thursday, April 25, 2024

جشن میلادالنبیﷺ پر ملک کے طول وعرض میں کیک کاٹے جانے لگے

جشن میلادالنبیﷺ پر ملک کے طول وعرض میں کیک کاٹے جانے لگے
November 10, 2019
 فیصل آباد (92 نیوز) جشن میلادالنبی پر ملک کے طول وعرض میں کیک کاٹے جانے لگے ۔ فیصل آباد میں سترہ منزلہ اور چنیوٹ میں تریسٹھ من وزنی کیک کاٹا گیا۔ فیصل آباد میں نبی آخر الزماں کے یوم ولادت کی خوشی میں 63 من وزنی سترہ منزلہ کیک کاٹا گیا۔ سجادہ نشین دربار محبوب عالم سید معصوم شاہ نے محفل میلاد کے بعد کیک کاٹا۔ کیک کی تیاری میں 2 من کریم، 2 من پستہ، 200 کلو مکھن، 4 ہزار سے زائد انڈے، بادام اور کھجور  کا استعمال کیا گیا۔ جشن ، ولادت ، رسول ﷺ ، گوجرانوالہ ، 100 من ، کھیر ، تیاری چنیوٹ میں بھی سرورِ کونینﷺکے میلاد کی خوشی میں تریسٹھ من وزنی کیک کاٹا گیا۔ سجادہ نشین دربار شریف خواجہ محبوب الہٰی نے علما اور  مشائخ کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔ کیک کی تیاری میں آبِ زم زم، 18 ہزار انڈے، 300 کلو مکھن اور 200 کلو دودھ استعمال ہوا۔ تقریب میں حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ میں درودوسلام کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا۔ نبی رحمت، سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے جشن میلاد کی خوشی میں ملتان میں قدیمی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے 100 من حلوے کی دیگ تیار کی گئی۔ حلوے کی تیاری میں خشک میوہ جات سمیت مختلف لوازمات ڈالےگئے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ سرور کائنات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔ جشن ، ولادت ، رسول ﷺ ، گوجرانوالہ ، 100 من ، کھیر ، تیاری گوجرانوالہ کے نواحی گاؤں ونیہ والا میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلہ میں 100 من کھیر تقسیم کی گئی۔ درجنوں افراد نے ساری رات محنت کرکے کھیر تیار کی۔ میٹھی میٹھی کھیر میں 70 من دودھ، 15 من چینی، 10 من کھویا اور 5 من خشک میوہ جات ڈالے گئے۔ رحیم یار خان میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے چاہنے والوں نے 600 پاونڈ وزنی کیک کاٹا ۔ بیکری کے مالک اور 14 کاریگروں نے تین دن لگا کر 16 فٹ لمبا اور 4 فٹ چوڑا کیک تیار کیا جس میں شہد، بادام، اخروٹ، کھجور،  کاجو، پستہ اور مربہ جات  ڈالے گئے۔ کیک پر خانہ کعبہ اور روزہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ماڈل بنائے گئے۔ قصور کے علاقے رکن پورہ میں جشن ولادت کے سلسلے میں 1063 پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا۔ کیک  کاٹنے کی تقریب میں شہر بھر کی مذہبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔