Tuesday, April 23, 2024

جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر چنیوٹ میں تریسٹھ من وزنی کیک کاٹا گیا

جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر چنیوٹ میں تریسٹھ من وزنی کیک کاٹا گیا
December 1, 2017

چنیوٹ (92 نیوز) ملک بھر میں جہاں جشن میلاد النبی ﷺ منایا جا رہا ہے وہیں حضور اکرم ﷺ کی ظاہری حیات طیبہ کے نسبت سے چنیوٹ کی وادی عزیز شریف میں تریسٹھ من وزنی کیک کاٹا گیا۔ ہر سال منعقد ہونے والی اس تقریب میں ملک اور بیرون ملک سے عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر حضرت محمد ﷺ کی ولادت کی خوشیاں ہر سو پھیلی ہوئی ہیں۔ چنیوٹ میں وادی عزیز شریف دربار پر نبی کریم ﷺ کی ظاہری حیات طیبہ کے نسبت سے تریسٹھ من وزنی کیک کاٹا گیا۔ نماز فجر سے قبل درود سلام کی صدائیں بلند ہوئیں اور دربار کے سجادہ نشیں خواجہ محبوب الہٰی نے ڈپٹی کمشنر ایوب خان سے ملکر کیک کاٹا۔
کیک کی تیاری میں بارہ ہزار چھ سو انڈے، تیرہ من میدہ، تیرہ من چینی،تیرہ من مکھن،بارہ من ڈرائی فروٹ اور آب زم زم استعمال کیا گیا۔
عشق مصطفیٰ ﷺ کے جذبہ سے سرشار کاری گروں نے دو دن کی محنت سے اسے تیار کیا۔
انیس سو پچانوے سے ہر سال بارہ ربیع الاول کو یہاں کیک کاٹا جاتا ہے۔ اس تقریب میں ملک اور بیرون ملک سے عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
اس کیک کو ہزاروں عقیدت مندوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جبکہ دربار پر ایک سو بیس من دودھ کی سبیل لگانے کے ساتھ تریسٹھ بکرے ذبح کر کے لنگر کا سلسہ دن بھر جاری رہے گا۔