Monday, May 13, 2024

جشن آزادی کی مناسبت سے کوئٹہ میں تقریب ، جام کمال کی پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت

جشن آزادی کی مناسبت سے کوئٹہ میں تقریب ، جام کمال کی پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت
August 14, 2020
کوئٹہ (92 نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں 73 ویں یوم آزادی ملی جوش جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے ۔ ریلیاں اور تقاریبات منعقد کی گئی ہے ۔ مرکزی تقریب بلوچستان اسمبلی میں منعقد ہوئی جہاں وزیراعلی بلوچستان اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے پرچم کشائی کی۔ جشن آزادی کی مناسبت سے کوئٹہ میں مرکزی تقریب بلوچستان اسمبلی میں منعقد ہوئی ۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے پرچم کشائی کر کے جشن آزادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا ۔ تقریب کے دوران دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ تقریب میں صوبائی وزراء ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی ، سول و فوجی حکام سمیت شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا دن بحیثیت قوم ہمارے لئے بہت اہم اور معنی خیز ہے،۔ بلوچستان کے عوام کا پاکستان کی آزادی میں اہم کردار رہا ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ سمیت سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر میں بھی جشن آزادی کی تقریبا ت منعقد کی گئی ۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال مندوخیل نے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی پر ہم سب کو اپنا احتساب کرنا چاہیے کہ ہم نے ایک سال میں کیا کیا۔ کوئٹہ کے علاوہ گوادر،چمن ،لسبیلہ،کوہلو، ڈیرہ بگٹی ، قلات، لورالائی ، ہرنائی ، خضدار، چاغی ، نصیرآباد، زیارت سمیت دیگر اضلاع میں جشن آزادی کی مناسبت سے رنگارنگ تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔