Thursday, May 9, 2024

مولانا فضل الرحمان سے تاحال معاملات طے نہیں پائے ، شیخ رشید

مولانا فضل الرحمان سے تاحال معاملات طے نہیں پائے ، شیخ رشید
October 15, 2019
لاہور ( 92 نیوز) وزیر ریلوے  شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے تاحال معاملات طے نہیں پائے ، تاہم فضل الرحمن سے توقع ہے وہ دھرنے میں نہیں جائے گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان صورتحال سے نکلنے کیلئے محفوظ راستہ چاہتے ہیں ، رابطے جاری ہیں جن لوگوں کو بات سمجھ آتی ہے وہ رابطے میں ہیں ، 26 تاریخ کو فائنل اور اچھی خبر دوں گا ۔ شیخ رشید احمد نے  کہا کہ میں عقلمندوں کا لیڈر ہوں ،  عمران خان سے کہا کہ چھوڑو جانے دو ان کو لیکن وہ نہیں  مانتے ، ساری مصیبتیں مسلم لیگ ن نے خود بنائی ہیں ،نواز شریف اکیلے رہ گئے ہیں ، لاہور میں شریف برادران کی حمایت میں ایک ٹائر تک نہیں جلا۔ وزیر ریلوے کاکہنا تھا کہ احسن اقبال کا کیس پہلے کھلا ہوا ہے،  سیاست میں گرفتاریاں اہم نہیں ہوتی انہیں گرفتار نہیں کرنا چاہیے، خواجہ سعد، احسن اقبال، خواجہ آصف، رانا تنویر، ایاز صادق اچھے آدمی ہیں۔ اس سے قبل ننکانہ صاحب میں   وزیر ریلوے شیخ رشید نے  اپوزیشن کو کھلے دل سے پیشکش کرتے ہوئے  کہا کہ جسے آنا ہے آجائے ، اسلام آباد میں کوئی خوف و ہراس نہیں ہے ۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ بے وقوف لوگ فضل الرحمان کا امیج خراب کر رہے ہیں ، ممکن ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو ریلی نکالنے کی اجازت مل جائے ۔ ننکانہ صاحب میں وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  کشمیر زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، مودی ہماری حکمت عملی میں پھنستا چلا جا رہا ہے ۔