Friday, April 19, 2024

جسٹس گلزار احمد نے بطور چیف جسٹس ذمہ داریاں سنبھال لیں

جسٹس گلزار احمد نے بطور چیف جسٹس ذمہ داریاں سنبھال لیں
December 23, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) جسٹس گلزار احمد نے بطور چیف جسٹس ذمہ داریاں سنبھال لیں ، پہلا کیس سنا، پنجاب کے پٹواری محمد نواز کی برطرفی کے خلاف اپیل مسترد کر دی، ریمارکس دیے کہ   پٹواری محمد نواز مس کنڈکٹ کا مرتکب پایا گیا۔ جسٹس گلزار احمد  نے بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ عہد ہ سنبھال لیابطور چیف جسٹس  اپنے پہلے کیس میں   پنجاب کے پٹواری محمد نواز کی برطرفی کے خلاف اپیل پر سماعت کی ۔ عدالت شروع ہوئی تو پٹواری کے وکیل  نے چیف جسٹس کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی  ، کہا کہ خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں آپ بطور چیف جسٹس پہلا کیس میرا سن رہے ہیں ، جس پر چیف جسٹس گلزار احمد نے شکریہ ادا گیا۔ سماعت شروع ہوئی تو پٹواری کے وکیل نے موقف اپنایا کہ مس کنڈیکٹ کی انکوائری ہوئی تو سارا بوجھ میرے موکل پر ڈال دیا گیا جبکہ گرداور اور تحصیلدار بھی ملوث تھے ۔ چیف جسٹس نے وکیل کو مخاطب کیا اور کہا آپ تو پٹواری کے وکیل ہیں ، گردوار احسان اللہ کے معاملے کو بیچ میں کیوں لیکر آ رہے ہیں ، محمد نواز کا تو معاملہ ثابت ہوچکا ،اس نے عدالتی حکم کے برخلاف کام کیا ، پٹواری محمد نواز مس کنڈکٹ کا مرتکب پایا گیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ تحصیلدار اور گرداور کو کیس میں شامل  کرنا چاہتے ہیں جن کا ریکارڈ ہمارے سامنے موجود نہیں ، ہم  اس معاملے میں ایگزیکٹو کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔ پٹواری محمد نواز کو 2012 میں نوکری سے برطرف کردیا گیا تھا ، پنجاب سروس ٹربیونل نے 2013 میں برطرفی کو برقرار رکھا۔