Friday, March 29, 2024

جسٹس محمد انوار الحق نے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

جسٹس محمد انوار الحق نے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
October 23, 2018
لاہور (92 نیوز) جسٹس محمد انوار الحق نے لاہور ہائی کورٹ کے 47 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر ہاؤس میں لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت جج صاحبان، صوبائی وزراء اور پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین سمیت دیگر نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے جسٹس محمد انوار الحق سے حلف لیا۔ چیف جسٹس محمد انوار الحق کو لاہورہائیکورٹ آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ عہدہ سنبھالتے ہی جسٹس محمد انوارالحق نے چیف جسٹس کا پروٹوکول لینے سے انکار کر دیا۔ چیف جسٹس نے عہدہ کے پروٹوکول سے متعلق تمام سکیورٹی بھی واپس کر دی اور کہا انہیں کسی پروٹوکول کی ضرورت نہیں۔ دوران سفر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کسی بھی قسم کا روٹ لگانے سے بھی منع کر دیا۔ چیف جسٹس محمد انوار الحق نے حلف برداری سے قبل گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کی موجودگی میں آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا روٹ کلچر عوام کےلئے تکلیف کا باعث بنتا ہے، ہمارا کام عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، انکے لئے مشکلات پیدا کرنا نہیں۔