Thursday, April 25, 2024

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نظرثانی کیس میں ایف بی آرکی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نظرثانی کیس میں ایف بی آرکی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع
April 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم جوڈیشل کونسل کے سیکرٹری نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نظرثانی کیس میں ایف بی آرکی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔جسٹس عمرعطا بندیال ‏نے ریمارکس دیئے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سپریم جوڈیشل کونسل کا سامنا نہیں کرنا ‏چاہتے۔

جسٹس عمرعطاء بندیال کی سربراہی میں 10 رکنی بینچ نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی درخواست کی سماعت کی۔ جسٹس قاضی فائزعیسٰی نے ابتدائی دلائل میں کہا کہ ‏فروغ نسیم نے کہا کہ خاتون کی شناخت شوہر سے ہوتی ہے۔ سرینا عیسی ذرائع آمدن ‏بتادیں۔ وزیرقانون نے تمام خواتین کی توہین کی۔

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا کہنا تھا کہ ایف بی آررپورٹ کوریاستی رازبنا کررکھا گیا اور مجھے کاپی بھی فراہم نہیں کی گئی۔ عدالتی حکم پر سیکرٹری سپریم جوڈیشل ‏کونسل نے ایف بی آررپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا ‏کہ رپورٹ کی کاپی کرا کر آپ کو بھی دیں گے۔

سرینا عیسیٰ نے دلائل میں کہا کہ لندن جائیدادوں کے ریکارڈ میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا ‏نام نہیں۔ جسٹس ‏عمرعطا بندیال کا کہنا تھا کہ آپ کا نام سپریم جوڈیشنل کونسل میں جاری انکوائری میں ‏سامنے آیا۔ اس میں شک نہیں کہ اپ عدالتی فیصلے سے متاثر ہوئی ہیں۔ مقدمہ ‏غیرقانونیت کا نہیں بلکہ زرائع آمدن کا ہے۔ سرینا عیسی نے ان کے متعلق فیصلے میں لکھی گئی آبزرویشن حذف ‏کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ‏پربھی انکم ٹیکس قانون کا اطلاق ہوتا ہے۔ عمران خان نے بھی اہلیہ اور بچوں کے اثاثے ‏ظاہر نہیں کیے۔ عمران خان بطور وزیراعظم عہدے پر کیسے رہ سکتے ہیں۔