Friday, April 26, 2024

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ دھمکی کیس ، پولیس نے آغا افتخار الدین مرزا کو حراست میں لے لیا

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ دھمکی کیس ، پولیس نے آغا افتخار الدین مرزا کو حراست میں لے لیا
June 26, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ دھمکی کیس میں پولیس نے آغا افتخار الدین مرزا کو حراست میں لے لیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو دھکمیاں دینے سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل صاحب یہ سب کیا ہورہا ہے؟؟ جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جج کی اہلیہ نے تھانے میں درخواست دی۔ پولیس نے معاملہ ایف آئی اے کو بھجوا دیا۔ ایف آئی اے نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایف آئی اے کے پاس ججز کے دیگر معاملات بھی ہیں۔ ایف آئی اے کوکچھ کرنا نہیں آتا۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ ویڈیو میں ملک کے ادارے کو دھمکی دی گئی۔ جج کا نام تضحیک آمیز انداز سے لیا گیا۔ ریاستی مشینری نے ایکشن تاخیر سے کیوں لیا؟؟ دوران سماعت مولانا افتخار الدین مرزا کی وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل خود عدالت آئے لیکن پولیس نے حراست میں لے لیا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پولیس نے کیوں پکڑ لیا۔ مولانا صاحب کو بلا لیں۔ عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے اور مولانا افتخار الدین مرزا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔ ایف آئی اے کو تحریری بیان جمع کرانے کی یقین دہانی کرانے کے بعد پولیس نے افتخار الدین کو جانے کی اجازت دے دی۔