Wednesday, April 24, 2024

جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
September 1, 2018
کوئٹہ (92 نیوز) ملکی تاریخ میں پہلی بار کوئی خاتون ہائی کورٹ کی چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہو گئیں۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے بلوچستان کی 18 ویں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر ہاﺅس کوئٹہ میں جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے بلوچستان کی 18ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے ان سے انکے عہدے کا حلف لیا۔ سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کے بعد سیدہ طاہرہ صفدر بلوچستان ہائی کورٹ کی سینئر ترین جج تھیں۔ آپکو بلوچستان میں پہلی خاتون سول جج بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ چیف جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے 11 مئی 2011 کو مستقل جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ 7 ستمبر 2009 کو جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر عدالت عالیہ بلوچستان میں ایڈیشنل جج مقرر ہوئیں۔ آپ نے اپنی تقرری سے لیکر اب تک 157 آئینی پیٹیشنز کی سماعت کی ہے۔ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے 1980 میں یونیورسٹی لاء کالج کوئٹہ سے ایل ایل بی اور یونیورسٹی آف بلوچستان سے اردو میں ماسٹرز کیا۔ آپ 29 جون 1987 کو سینئرسول جج جبکہ 27 فروری 1991 کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدے پر فائز ہوئیں ۔