Wednesday, April 24, 2024

جسٹس ریٹائرڈ امیرہانی کا مختلف پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ، پانی کی فراہمی کا جائزہ لیا

جسٹس ریٹائرڈ امیرہانی کا مختلف پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ، پانی کی فراہمی کا جائزہ لیا
January 21, 2018

کراچی (92 نیوز) واٹرکمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ امیرہانی مسلم نے مختلف پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور پانی کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ پپری اسٹیشن پر عملہ پانی سے متعلق فارمولہ بھی نہ بتا سکا۔ واٹرکمیشن کے سربراہ نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو قابل اسٹاف رکھنے کی ہدایت کردی۔

سندھ میں شہریوں کو پینے کا صاف پانی کیوں نہیں مل رہا، مسائل کہاں ہیں اور نااہلی کس کی، یہ جاننے کے لئے واٹرکمیشن کے سربراہ نے مختلف پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔

جسٹس ریٹائر امیرہانی مسلم سب سے پہلے پپری پمپنگ اسٹیشن پہنچے اور پانی کی لیبارٹری کا دورہ کیا۔ پوچھا لیبارٹری میں روزانہ ٹیسٹنگ کیوں نہیں کی جارہی؟ لیبارٹری کا اسٹاف پانی سے متعلق فارمولے بھی نہیں بتا سکا۔

سربراہ واٹرکمیشن نے کہا انسانی جانوں کا مسئلہ ہے ان سے قیمتی کچھ بھی نہیں۔

جسٹس ریٹائرڈ امیرہانی مسلم نے کہا لیبارٹری اسٹاف نااہل ہیں اور تعلیمی قابلیت بھی مطلوبہ معیار کی نہیں۔ ایم ڈی واٹربورڈ کو اشتہار کے ذریعے مناسب اسٹاف رکھنے کی ہدایت کی۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی سیکیورٹی کیلئے چوکیاں بنانے اور رینجرز سے مدد کی بھی ہدایت کی۔

جسٹس ریٹائرڈ امیرہانی مسلم گھارو پہنچے، حاضری رجسٹر چیک کیا تو برہمی کا اظہار کیا اور پوچھا پمپنگ اسٹیشن کا انچارج کہاں ہے؟

ایم ڈی واٹر بورڈ نے بتایا انچارج بیمار ہے۔ سربراہ واٹر کمیشن نے پوچھا، کس اسپتال میں ہے، چیک کیا جائے۔