Sunday, September 8, 2024

نگران وزیر اعظم کیلئے جسٹس (ر) تصدق جیلانی،جسٹس(ر) شاکر اللہ کے نام شارٹ لسٹ

نگران وزیر اعظم کیلئے جسٹس (ر) تصدق جیلانی،جسٹس(ر) شاکر اللہ کے نام شارٹ لسٹ
April 16, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) نگران حکومت کے تقرر کیلئے نام شارٹ لسٹ کر لئے گئے ، 92 نیوز نے تفصیلات حاصل کرلیں ۔ وفاقی حکومت نے نگران وزیراعظم کیلئے جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی اور جسٹس ریٹائرڈ شاکر اللہ جان کے نام  شارٹ لسٹ کر دیئے ،تحریک انصاف  نے بھی تین نام فائنل کر لئے ۔ حکومتی ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم کے لیے جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی اور جسٹس ریٹائرڈ شاکر اللہ جان کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں، پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ  کیلئے ایک سابق چیف سیکرٹری جبکہ سندھ کے نگران وزیر اعلیٰ  کیلئے ایک سابق فوجی جرنیل کا نام زیرغور ہے۔ خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلی کیلئے بھی ایک سابق جج اور  دو سابق چیف سیکرٹریز کے نام زیر غور ہیں۔ ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار ہیں۔ نگران کابینہ کیلئے عطاء الرحمن، ملیحہ لودھی، تیمور ملک، عباس خان، شکیل درانی، تیمور عظمت عثمان، ادیب رضوی اور مشتاق  کے نام زیر غور ہیں، ذرائع کے مطابق تمام امیدواروں کے لیے مقتدر ادارہ کی کلیئرنس لازمی قرار دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے نگران وزیر اعظم کےلیے جسٹس (ر) تصدق جیلانی، عبدالرزاق اورڈاکٹرعشرت حسین کا نام تجویز کیا جائے گا، ، نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے طارق کھوسہ ، سلمان شاہ اور شاہد کاردار کے نام تجویز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے لیے اشرف جہانگیر قاضی اور وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے پروفیسرڈاکٹرادیب رضوی کا نام تجویز کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی وزیراعلیٰ سندھ کے لیے ڈاکٹرعطا الرحمان کا نام تجویز کرنے پر بھی غور کررہی ہے ، دوسری جانب تحریک انصاف کو خیبر پختونخوا کے نگران سیٹ اپ کے لیے اپوزیشن کے ناموں کا انتظارہے۔