Friday, May 3, 2024

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 26 ویں منصف اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 26 ویں منصف اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا
January 18, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 26 ویں منصف اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ وزیراعظم عمران خان ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزرا نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ حلف برداری تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی شرکت کی۔ اعلیٰ عدلیہ کے ججز اورسینئر وکلا بھی  تقریب میں شریک ہوئے۔ جسٹس ثاقب نثار کی ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ ملک کے چھبیسویں چیف جسٹس ہیں۔ آصف سعید کھوسہ رواں برس بیس دسمبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہوں گے۔ نئے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کیریئرشاندار ہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کو سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کیس سے شہرت ملی۔ انہوں نے پانامہ کیس کے تاریخی فیصلے میں اختلافی نوٹ لکھا اور نوازشریف کو نااہل قرار دینے کی سفارش کی۔ اسی کیس کے فیصلے میں جسٹس کھوسہ کے سیلیسن مافیا اور گاڈ فادر کے حوالے کافی عرصہ تک زیر بحث رہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ایک اور وجہ شہریت یہ ہے کہ وہ فیصلے محفوظ کرنے کے بجائے عدالت میں فوری سناتے ہیں۔ انہوں نے 2014 سے 2018 تک 11 ہزار فوجداری مقدمات نمٹا کر ریکارڈ قائم کیا۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ دیدار حسین شاہ اور فصیح بخاری کی تقرریاں قانون کے مطابق نہ ہونے پر کالعدم قرار دینے کا فیصلہ بھی جسٹس آصف سعید کھوسہ نے سنایا جبکہ 18 ویں ترمیم، 21ویں ترمیم، فوجی عدالتوں کو آئینی قرار دینے والے بینچ میں بھی شامل رہے۔ لیگی رہنما نہال ہاشمی کو توہین عدالت کا مجرم قرار دیکر ایک ماہ کی سزا ، آسیہ بی بی اور ممتاز قادری کے مقدمات کا فیصلہ ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو منصب سے برخاست کرنے کی سفارش کا فیصلہ ، سنگین غداری کیس میں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، سابق چیف جسٹس عبد الحمید ڈوگر اور سابق وزیر قانون زاہد حامد کو شریک ملزم بنانے کا خصوصی عدالت کو فیصلہ کالعدم قرار دے کر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ جلد نمٹانے کا حکم بھی نئے چیف جسٹس نے دیا جو حقیقی معنی میں پیشہ ور جج مشہور ہیں۔