Wednesday, April 24, 2024

جس بادشاہ سے مرضی سفارش کرائیں این آر او نہیں ملے گا ، وزیراعظم

جس بادشاہ سے مرضی سفارش کرائیں این آر او نہیں ملے گا ، وزیراعظم
July 4, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا جس بادشاہ سے مرضی سفارش کرائیں این آر او نہیں ملےگا۔ ملک کو کنگال کرنے والوں سے جواب لوں گا۔ راولپنڈی میں سرسید ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا شیخ رشید اور ان کی وزارت کو سرسید ایکسپریس کے افتتاح کی مبارکباد دیتا ہوں۔ شیخ رشید جذبے اور جنون سے ریلوے کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دنیا بھر میں محنت کش کیلئے سب سےآسان سفر ریلوے کا ہے۔ ریلوےعام آدمی کا سفر ہے۔ مہذب معاشروں میں ریلوے کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔  اس کی بہتری پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ وزیراعظم بولے ریلوے نے ایک ہزار اسٹال احساس پروگرام کو دیئے۔ احساس پروگرام کا مقصد نچلے طبقے کو اوپر اٹھانا ہے۔ ریلوے میں 36 ارب کا خسارہ تھا۔ تیل کی قیمت بڑھنے کے باوجود شیخ رشید خسارہ 36 سے 32 ارب پر لے آئے۔ کوئی بھی دیانتداری سےکام کرتا تو یہ حال نہ ہوتا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کوئی ملک وسائل کی کمی سے نہیں، کرپشن سے غریب ہوتا ہے۔ بھارت میں ریلوے کو کروڑوں کا منافع ہے۔ یہاں خسارہ ہے۔ کرپشن کا مقصدغریب کا پیسہ چوری ہونا ہے۔ کرپشن عوام کو غریب اور ایک طبقے کو امیر کر دیتی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا 10 سال میں دو حکومتیں قرضہ 6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب پر لے گئیں۔ یہ شور مچاتےہیں عمران خان انتقامی کارروائی کر رہا ہے۔ میرے خلاف 2 کیس سپریم کورٹ میں ہوئے۔ 36 ایف آئی آرز کاٹی گئیں۔ میں لندن نہیں بھاگا تھا، 10 ماہ میں ایک ایک چیز کا جواب دیا۔ میں نے رونا دھونا نہیں کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا قوم سے وعدہ کیا تھا ملک کو مقروض کر نیوالوں سےجواب لوں گا۔  جو کرنا ہے کر لیں مجھے فرق نہیں پڑے گا۔ قوم سے وعدہ کرکے آیا تھا این آر او کی چھوٹ نہیں دوں گا۔ جس بادشاہ کے مرضی گھٹنے دبائیں، میں نے جواب لینا ہے۔ سب کی باہر اربوں روپے کی پراپرٹی ہے۔ شہبازشریف اور زرداری  بیرون ملک سے پیسہ واپس لےآئیں تو ڈالر نیچےآجائے گا۔