Sunday, May 12, 2024

جزوی لاک ڈاؤن سے مطمئن نہیں ، نرمی ہوئی تو نجانے کیا ہوگا، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن

جزوی لاک ڈاؤن سے مطمئن نہیں ، نرمی ہوئی تو نجانے کیا ہوگا، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن
May 9, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے لاک ڈاؤن کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جزوی لاک ڈاؤن سے مطمئن نہیں ، نرمی ہوئی تو نجانے کیا ہوگا۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر لاک ڈاؤن میں نرمی کی شدید مخالفت کی ہے،ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا ہے کہ حکومتی فیصلے سے کورونا وائرس مزید پھیلے گا۔

صدر پی ایم اے سنٹرل ڈاکٹر اکرم کا کہنا تھا کہ  لاک ڈاؤن کے دنوں میں کوئی بھی شخص بھوک کے باعث نہیں مرا، بہتر سے بہتر لاک ڈاؤن کو نافذ کیا جائے۔

کورونا وائرس سے متاثرہ طبی عملے کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے، بڑھتے ہوئے کیسز سے ڈاکٹر متعدد بار اپنے خدشات کا اظہار کر چکے ہیں، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ڈاکٹر جو آپ کیلئے اسپتالوں میں ہیں آپ ان کیلئے اپنے گھروں میں رہیں۔

وزارت نیشنل ہیلتھ اینڈ ایمرجنسی سروس کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل سٹاف کی تعداد 736 تک پہنچ گئی ہے، اب تک 422 ڈاکٹرز کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، پنجاب میں 184, کے پی 186, بلوچستان میں 136، سندھ 134 اسلام آباد میں 71 ہیلتھ کئیر ورکرز متاثر ہوئے۔

کورونا سے متاثرہ نرسز کی تعداد بھی 104 تک پہنچ گئی، طبی عملے کے دیگر 210 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، ابتک ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 11 افراد کورونا سے جان کی بازی ہار گئے، ملک بھر میں 164 ہیلتھ کئیر ورکرز نے کورونا کو شکست دی۔