Friday, April 19, 2024

جرمنی کے شہر بون میں رنگا رنگ چیری بلوسم پھولوں نے سماں باندھ دیا

جرمنی کے شہر بون میں رنگا رنگ چیری بلوسم پھولوں نے سماں باندھ دیا
April 21, 2018
بون (92 نیوز) جرمنی کے شہر بون میں رنگا رنگ چیری بلوسم پھولوں نے سماں باندھ دیا جسے دیکھنے دنیا بھر سے سیاح اس شہر کا رخ کر رہے ہیں۔ موسمِ بہار کے آغاز سے ہر سال بون کے اولڈ ٹاؤن میں گلیاں ایک خوبصورت منظر پیش کرتی ہیں اور سڑکیں بے شمار چیری بلوسم کے درختوں سے گلابی سمندر میں تبدیل ہو جاتی ہیں ۔ یہ سڑکیں چند دنوں کے لیے گلابی پھولوں کی سرنگ جیسا  تاثر دیتی ہیں۔ دنیا بھر سے لاکھوں سیاح اور شوقیہ فوٹوگرافر سب سے خوبصورت چیری بلوسم درختوں کی تصاویر لینے اور اس کا نظارہ کر کے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ  سب سے بہترین پھولوں کی تصاویر لی جائیں۔ یہ پھول اپریل کے وسط سے لیکر دس سے چودہ دن تک درختوں کی زینت بنے رہتے ہیں اور موسمی گرمی کےساتھ ساتھ تیزی سے جھڑنا شروع ہو جاتےہیں۔