Thursday, April 25, 2024

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں 83ویں انٹرنیشنل گرین ویک کا آغاز

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں 83ویں انٹرنیشنل گرین ویک کا آغاز
January 20, 2018

برلن ( 92 نیوز ) جرمنی کے دارالحکومت برلن میں 83 ویں انٹرنیشنل گرین ویک کا آغاز ہوگیا۔ دنیا کے بڑے زرعی میلے کی رونقیں دیکھنے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں دنیا کے سب سے بڑے زرعی میلوں میں سے ایک کا آغاز ہوگیا ۔ اس ایگریکلچرل ٹریڈ فیئر میں رواں برس دنیا کے 66 ممالک سےایک ہزار 660 نمائش کنندگان شریک ہیں۔

زرعی میلے میں انواع واقسام کی زرعی اجناس کے علاوہ اشیائے خورونوش بھی خوبصورتی سے پیش کی گئیں ۔ جبکہ موسیقی اور رقص کے تڑکے نے تو میلے کو چار چاند لگا دیئے۔

رواں برس اس میلے میں جانوروں کی فلاح اور پودوں کی حفاظت مرکزی موضوعات ہیں ۔ ایک ہفتے پر مشتمل اس میلے میں دنیا بھر سے ہزاروں افرادشریک ہوں گے۔

منتظمین کے مطابق  میلے کا مقصد دنیا بھر میں بھوک کا شکار ہزاروں انسانوں کی مشکلات آسان کرنے کیلئے اقدامات کرنا اوراس عزم کا اعادہ کرنا ہےکہ موسمیاتی تبدیلیوں اور محدود وسائل کے پیشِ نظر زرعی شعبے کو زیادہ متنوع، پائیدار اور بارآور بنانے کی کوششیں کی جائیں گی۔