Sunday, May 19, 2024

جرمنی میں عام انتخابات آج ہو نگے

جرمنی میں عام انتخابات آج ہو نگے
September 24, 2017

برلن (92 نیوز) جرمنی میں آج عام انتخابات ہونے جارہے ہیں ۔ جن میں  قسمت آزمائی کرنے والی جماعتوں میں سے چھ زیادہ نمایاں ہیں ۔ تاہم اصل مقابلہ جرمن چانسلر اینگلا مرکل کی کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی اور مارٹن شلز کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے مابین متوقع ہے ۔ تاہم اینگلا مرکل کا پلڑابھاری دکھائی دیتا ہے۔

 تریسٹھ سالہ اینگلا مرکل نے سترہ برس قبل کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارت سنبھالی ۔ دو ہزار پانچ میں پہلی بار جرمن چانسلر کے عہدے پر فائز ہوئیں ۔ دو ہزار نو اور دو ہزار تیرہ میں بھی انکی پارٹی انتخابات جیتی ۔ وہ دو ہزار پانچ سے اب تک مسلسل چانسلر کے عہدے پر فائز ہیں ۔ اینگلا مرکل کو شام اور عراق کے لٹے پٹے تارکین وطن کیلئے جرمنی کے دروازے کھولنے پر اندرون ملک بعض حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ۔ تاہم آہنی اعصاب اور مضبوط قوت فیصلہ کی حامل اینگلا مرکل نے تمام دبائو خندہ پیشانی سے برداشت کیا۔

اینگلا مرکل کے سب سے بڑے حریف اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے اکسٹھ سالہ سربراہ مارٹن شلز دوہزار بارہ سے دو ہزار سترہ تک یورپی پارلیمنٹ کے صدر رہے۔  انہوں نے رواں سال انیس مارچ کو سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارت سنبھالی ۔ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کے ناقد رہے ہیں ۔ مارٹن شلزتارکین وطن کے حامی تاہم وہ اس حوالے  سے اینگلا مرکل کی پالیسیوں سے اختلاف رکھتے ہیں ۔

 دیگرنمایاں امیدواروں  میں ایف  ڈی  پی کے کرسٹیان لینڈر ، لیفٹ پارٹی کی سارا ویجن ، گرین پارٹی کی کیٹرین گورنگ اور اے ایف ڈی کی ایلس ویڈل شامل ہیں۔