Friday, April 19, 2024

جرمنی: دنیا کی 7بڑی صنعتی طاقتوں کا اجلاس شروع ہو گیا، ہزاروں جرمن مظاہرے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے

جرمنی: دنیا کی 7بڑی صنعتی طاقتوں کا اجلاس شروع ہو گیا، ہزاروں جرمن مظاہرے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے
June 7, 2015
برلن (ویب ڈیسک) جرمنی میں ہزاروں افراد نے جی سیون سربراہی اجلاس کے خلاف آج احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ دنیا کے سات بڑے صنعتی ممالک کا سربراہی اجلاس آج اتوار سے جنوبی جرمنی کے شہر ایلماو¿ میں شروع ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس احتجاج میں شامل مظاہرین کی تعداد دو ہزار تھی جبکہ منتظمین کے مطابق ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ اس اجلاس کی سکیورٹی کے لیے سترہ ہزار جرمن پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ آسٹریا کے اضافی دو ہزار سکیورٹی اہلکار ضرورت پڑنے پر طلب کیے جا سکیں گے۔ واضح رہے کہ جی سیون دنیا کے سات بڑے صنعتی ممالک پر مشتمل تنظیم ہے اور اس کا ہر سال باقاعدگی سے اجلاس منعقد ہوتا ہے۔ اس مرتبہ ہونے والے اجلاس کی صدارت جرمن چانسلر انجیلا مرکل کریں گی۔ امریکی صدر باراک اوباما بھی آج صبح جرمنی پہنچ گئے ہیں جبکہ روسی صدر پیوٹن نے اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ جی سیون اجلاس میں یوکرائن بحران اور یونان کی معاشی صورتحال سرفہرست رہے گی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ گروپ سیون لیڈرز روس پر نئی پابندیوں کا ارادہ نہیں رکھتے۔