Friday, April 19, 2024

جرمن چانسلر اینگلا مرکل کی نسلی فسادات پھیلانے والوں کو سخت وارننگ

جرمن چانسلر اینگلا مرکل کی نسلی فسادات پھیلانے والوں کو سخت وارننگ
November 17, 2018
برلن (92 نیوز) جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے نسل پرستوں اور نفرت پر مبنی جرائم کا ارتکاب کرنے والے افراد کو سخت وارننگ دے دی۔ نسلی فسادات سے متاثرہ شہر کیمنٹس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمن چانسلر اینگلا مرکل کا کہنا تھا کہ نفرت اور نسل پرستی پھیلانے والوں کی جرمنی میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا جرمن عوام نفرت پھیلانے والے عناصر کو مسترد کردیں۔ اینگلا مرکل نے کہا کہ انتہا پسند جرمن شہریوں کی جانب سے تارکین وطن کو نشانہ بنانا قابل قبول نہیں۔ ادھر شدت پسندوں کے دبائو اور دھمکیوں  کی وجہ سے یہاں منعقدہ بائیں بازو کے خیالات کے حامی ایک راک بینڈ کا کنسرٹ منسوخ کردیا گیا ہے۔ رواں سال اگست اور ستمبر میں  کیمنٹس میں ایک جرمن شہری کی ہلاکت کے بعد شدید ہنگامہ آرائی ہوئی تھی۔ سفید فام جرمن انتہا پسندوں کی جانب سے غیر ملکیوں پر حملے کیے گئے تھے۔ ان فسادات کو جرمنی میں دائیں بازو کی شدید ترین ہنگامہ آرائی قرار دیا گیا تھا۔