Friday, March 29, 2024

جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس کی آئندہ چند روز میں 2 روزہ دورہ پر پاکستان آمد متوقع

جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس کی آئندہ چند روز میں 2 روزہ دورہ پر پاکستان آمد متوقع
August 29, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) جرمنی کے وزیرخارجہ ہائیکو ماس کی آئندہ چند روز میں 2 روزہ دورہ پر پاکستان آمد متوقع ہے، ذرائع جرمن وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ اہم ملاقات کریں گے۔

افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کا خطے میں اہم ترین کردار ہے، اسی تناظر میں جرمن وزیرخارجہ کی آئندہ چند روز میں پاکستان آمد متوقع ہے، ہائیکو ماس کی آمد پر پاکستانی ہم منصب شاہ محمود سے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

پاک، جرمنی گفتگو کا محور دیرپا علاقائی امن و استحکام، افغان سلامتی، مسائل کا جامع سیاسی تصفیہ ہو گا۔ دونوں ممالک تمام افغان دھڑوں پر مشتمل وسیع البنیاد حکومت کے قیام پر مشاورت کریں گے۔

پاکستانی قیادت مختلف افغان فریقین سے روابط، افغان امن و استحکام میں کردار پر روشنی ڈالے گی،افغان مسئلہ پر پاکستان کی علاقائی ممالک سے مشاورت پر بھی بات کی جائے گی۔