Sunday, September 8, 2024

جرمن نوجوان 7.88 سیکنڈز میں روبکس کیوب پزل حل کر کے یورپی چیمپئن بن گیا

جرمن نوجوان 7.88 سیکنڈز میں روبکس کیوب پزل حل کر کے یورپی چیمپئن بن گیا
July 18, 2016
پراگ (ویب ڈیسک) ذہانت ہو تو ایسی۔ جرمنی کے نوجوان نے چند سیکنڈز میں روبکس کیوب پزل حل کر کے یورپی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق جرمنی کے فلپ وئیر نے پراگ (چیک ریپبلک) میں ہونے والے کیوب پزل کے مقابلے میں اتنی پھرتی دکھائی کہ دیکھنے والے حیران رہ گئے۔ فلپ نے صرف سات اعشاریہ آٹھ آٹھ سیکنڈز میں پزل حل کر کے یورپی چیمپئن شپ جیت لی۔ فلپ کیوب پزل کے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے فیلکس سے صرف اعشاریہ ایک سیکنڈ پیچھے رہ گئے۔ مقابلے کے دوران مین کیٹیگری میں کلاسک پزل (تین بائی تین) کو پانچ بار حل کیا جاتا ہے۔ اس دوران پانچ بار کی تیز اور کم رفتار کو نوٹ کر کے اس کی اوسط نکال کر نتائج کا اعلان کیا جاتا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ کیوب پزل میں نوجوانوں کی دلچسپی روز بروز بڑھ رہی ہے اور اب تک دنیا بھر میں چالیس کروڑ روبکس کیوبس فروخت ہو چکے ہیں۔ اعزاز جیتنے کے بعد فلپ ویئر نے کہا کہ اس مقام تک پہنچنے کیلئے اس نے سخت محنت کی۔ کسی بھی مقام تک پہنچنے کیلئے درکار ہوتی ہے صرف پریکٹس‘ پریکٹس‘ پریکٹس۔ جرمن فاتح نے کہا کہ میں نوجوانوں کو صرف ایک ہی مشورہ دے سکتا ہوں اور وہ یہ کہ اگر آپ سنجیدہ نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے سخت پریکٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔