Thursday, March 28, 2024

جرمن فٹبال کپ کا ٹائٹل ڈورٹمنڈ نے جیت لیا

جرمن فٹبال کپ کا ٹائٹل ڈورٹمنڈ نے جیت لیا
May 14, 2021

برلن / مانچسٹر (92 نیوز) جرمن فٹبال کپ کا ٹائٹل ڈورٹمنڈ نے جیت لیا، ڈورٹمنڈ نے فائنل میں لیپزگ کو شکست دی۔ انگلش پریمیئر لیگ میں لیور پول اور اسپینش لیگ میں ریال میڈرڈ نے بھی اپنے اپنے میچ جیت لیے۔

فائنل میں ڈورٹمنڈ کا مقابلہ لیپزگ کی ٹیم سے ہوا، ڈورٹمنڈ کی ٹیم حریف ٹیم پر پوری طرح چھائی رہی اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک کے مقابلے میں چار گول سے کامیابی حاصل کی۔

فاتح ٹیم کی جانب سے ایرلنگ ہالینڈ اور جدون سانچو نے دو، دو گول کیے، ڈورٹمنڈ نے پانچویں مرتبہ جرمن کپ کا ٹائٹل جیتا۔

دوسری جانب انگلش پریمیئر لیگ میں لیور پول اور مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں، لیور پول نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔

اسپینش لیگ میں ریال میڈرڈ کا اہم میچ میں گرناڈا سے ٹاکر ا ہوا ،،ریال میڈرڈ نے چار، ایک سے کامیابی سمیٹ کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔